نوے کی دہائی کے مشہور مزاحیہ ڈرامے ’فرینڈز‘ میں طنزومزاح سے بھرپورچینڈلر بنگ کا کردار ادا والے میتھیو پیری 54 برس کی عمر میں چل بسے۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اداکار ہفتہ 28 اکتوبر کو لاس اینجلس میں واقع اپنے گھر میں گرم پانی کے ٹب میں مردہ پائے گئے۔
اخبار لاس اینجلس ٹائمز اور ٹی ایم زیڈ کو ذرائع نے بتایا کہ پولیس کو شام چار بجے کے قریب میتھیو پیری کے گھر بلایا گیا جہاں انہیں بے حس وحرکت پایا گیا۔
لاس اینجلس پولیس نے دی انڈپینڈنٹ کو تصدیق کی کہ پولیس افسروں کو میتھیو پیری کے گھر بلایا گیا لیکن پولیس نے مزید تبصرے سے انکار کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر میتھیو پیری کی موت میں کسی گڑبڑ کے آثار دکھائی نہیں دیے، تحقیقات جاری ہیں۔
بعد ازاں نشریاتی ادارے این بی سی نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا: ’ہم میتھیو پیری کی بہت جلد موت پر انتہائی غمزدہ ہیں۔‘
’انہوں نے برجستہ مزاح اور اپنی حس مزاح کی بدولت دنیا بھر کے کروڑوں لوگوں کو بہت سی خوشیاں دیں۔ ان کا ورثہ ان گنت نسلوں تک زندہ رہے گا۔‘
پیری نے ’فرینڈز‘ میں چینڈلر بنگ کے طویل عرصے تک کیے جانے والے کردار سے شہرت حاصل کی۔ یہ ڈرامہ اب تک کی سب سے کامیاب ٹی وی سیریز میں سے ایک ہے۔
1994 سے 2004 تک این بی سی پر اس ڈرامے کے 10 سیزن دکھائے گئے۔ شو نے اس کے نوجوان اداکاروں پیری، جینیفر اینسٹن، ڈیوڈ شومر، میٹ لی بلانک، لیزا کڈرو اور کورٹنی کوکس کو عالمی سطح پر شہرت بخشی۔
نیویارک شہر میں مشترکہ اپارٹمنٹس میں رہنے والے چھ دوستوں کے قریبی گروپ کے بعد ’فرینڈز‘ میں چینڈلر کی متعدد اہم کہانیاں شامل کی گئیں۔ مثال کے طور پر ان کے بہترین دوست راس (شومر) کی بہن مونیکا گیلر (کاکس) کے ساتھ ان کا خفیہ معاشقہ جو بالآخر ان کی شادی کا سبب بنتا ہے۔
پیری 1969 میں میساچوسٹس کے علاقے پلی ماؤتھ میں اپنے والد اداکار جان بینٹ پیری اور والدہ سوزین میری لینگفرڈ کے ہاں پیدا ہوئے۔
انہوں نے اپنا بچپن مونٹریال، کینیڈا اور لاس اینجلس میں گزارا۔ وہ مستقبل کے کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے ہم جماعت تھے۔
انہوں نے 90 کی دہائی کے مشہور ڈرامے فرینڈز کا حصہ بن کر شہرت حاصل کرنے سے قبل کم عمری میں اداکاری کا آغاز کیا۔.
انہوں نے فرینڈز کی 234 اقساط میں انتہائی مزاحیہ اور حاضر جواب چینڈلر بنگ کا کردار ادا کیا۔ انہیں 2002 میں اس کردار پر ایمی ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا۔
پیری کے دیگر ٹیلی ویژن ڈراموں میں بوائز ول بی بوائز، گروئنگ پینز، بیورلی ہلز 90210، دا ویسٹ وِنگ اور سکربز اینڈ دی اوڈ کپل شامل ہیں۔
انہوں نے سلور سکرین پر بھی کردار ادا کیے جن میں فول رش ان، دا کڈ، اور 17 اگین شامل ہیں۔ وہ 2017 سے اداکاری نہیں کر رہے تھے۔
فرینڈز بنانے والی کمپنی وارنر برادرز ٹی وی نے پیری کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
سٹوڈیو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’میتھیو پیری کی وفات کے بارے میں جان کر ہمیں شدید صدمہ پہنچا۔‘
’وہ ہم سب کے لیے بڑی اہمیت رکھتے تھے۔ ہمارا دل ان کے اہل خانہ، پیاروں اور ان کے تمام مداحوں کے ساتھ ہے۔‘
پیری نے گذشتہ سال اکتوبر میں ایک سوانح حیات شائع کی جس کا نام فرینڈز، لورز اینڈ دا بگ ٹیریبل تھنگ تھا جس میں انہوں نے نشہ کرنے کی عادت کے سبب اپنی مشکلات بیان کیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ فرینڈز کے شائقین شو کے ’مختلف سیزنز‘ میں ان کی ظاہری وضع قطع دیکھ کر اندازہ لگا سکتے تھے کہ انہوں نے کب شراب پی رکھی ہوتی تھی یا منشیات استعمال کی ہوتی تھیں۔
انہوں نے شو کے بعد کے سیزن میں اپنے زیر علاج ہونے کے بارے میں بھی بتایا۔
اگرچہ وہ سوشل میڈیا بہت زیادہ استعمال نہیں کرتے تاہم انہوں نے اکتوبر کے آغاز میں انسٹاگرام پر اپنے والد کے ساتھ ایک تصویر پوسٹ کی۔
15 اکتوبر کو پوسٹ کی گئی تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انہوں نے والد کو بازو کے حلقے میں لے رکھا ہے۔ انہوں نے تصویر کے نیچے لکھا کہ ’یہاں میں اور میرے والد، جان ہیں۔ دونوں کے ہاتھ میں مشروب ہے۔‘
ان کی موت کے بارے میں اپنی رپورٹ میں لاس اینجلس ٹائمز نے اپریل میں ہونے والے کتاب میلے میں پیری کی یادداشتوں کے بارے میں ہونے والی گفتگو میں ان کے ایک دل سوز جملے کا حوالہ دیا ہے۔
پیری نے کہا تھا کہ ’مجھ سے زیادہ کوئی مشہور نہیں ہونا چاہتا تھا۔‘
’میں قائل تھا کہ یہ (شہرت) مسائل کا حل ہے۔ میں 25 سال کا تھا۔ یہ ’فرینڈز‘ کا دوسرا سال تھا اور اس کے آٹھ ماہ بعد مجھے احساس ہوا کہ میں کامیابی کے لیے محنت کر کے خوش نہیں۔ اس سے میری محرومیاں دور نہیں ہو رہیں۔ میں زیادہ توجہ حاصل نہیں کر سکا۔ شہرت وہ نہیں کرتی جو آپ سوچتے ہیں کہ وہ کرنے جا رہی ہے۔ یہ محض ایک دھوکہ تھا۔‘

<p>اداکار میتھیو پیری لاس اینجلس میں 23 ستمبر 2012 کو نوکیا تھیٹر ایل اے لائیو میں 64 ویں سالانہ پرائم ٹائم ایمی ایوارڈز میں شرکت کرتے ہوئے (فائل فوٹو اے ایف پی/ فریزر ہیریسن)</p>
from Independent Urdu https://ift.tt/9tu8gmj