وزیر اعظم محمد شہباز شریف چین کے صدر شی جن پنگ کی دعوت پر 30 اگست سے چار ستمبر تک چین کا دورہ کریں گے جہاں وہ تیان جن میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔
سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق چین طویل عرصے سے پاکستان کا سب سے بڑا سرمایہ کار اور قریبی سٹریٹیجک اتحادی ہے جس کی بنیاد اربوں ڈالر کے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) پر ہے۔ دونوں ممالک سی پیک 2.0 کو آگے بڑھانے کے لیے کام کر رہے ہیں جس کا محور صنعتی ترقی، زراعت، توانائی اور رابطے ہیں۔
دفتر خارجہ نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ ’وہ بیجنگ میں صدر شی اور دیگر عالمی رہنماؤں کے ساتھ فوجی پریڈ میں بھی شریک ہوں گے جو دنیا کی فسطائیت کے خلاف دوسری عالمی جنگ کے 80 سال مکمل ہونے پر ہو رہی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’چین میں وزیر اعظم کی ملاقات صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی چیانگ سے ہوگی جس میں پاکستان چین دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔‘
دورے کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف معروف چینی تاجروں اور کاروباری کمپنیوں کے عہدے داروں سے بھی ملاقات کریں جس میں دوطرفہ تجارت، معیشت اور سرمایہ کاری پر بات چیت کی جائے گی۔
وہ بیجنگ میں پاکستان چین بزنس ٹو بزنس سرمایہ کاری کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔
یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان قیادت کی سطح پر تبادلے کا حصہ ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں ممالک اپنی ’ہر موسم کی سٹریٹیجک شراکت داری‘ کو مزید گہرا کرنے، ایک دوسرے کے بنیادی مفادات کے معاملات پر حمایت کے اعادے، سی پیک کے دوسرے مرحلے کو آگے بڑھانے اور علاقائی و عالمی معاملات پر باقاعدہ رابطہ رکھنے کو کتنی اہمیت دیتے ہیں۔
شہباز شریف نے جون 2024 میں بھی چین کا دورہ کیا جس میں انہوں نے بیجنگ میں چینی صدر اور وزیر اعظم سے ملاقات بھی کی۔ اس موقعے پر انہوں نے شیان میں ثقافتی اور تعلیمی مقامات کا دورہ کیا اور اعلان کیا کہ 1000 پاکستانی طلبہ کو چین میں زرعی تربیت دلوائی جائے گی۔
اس پانچ روزہ دورے میں توانائی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں کی سرکردہ چینی کمپنیوں سے ملاقاتیں بھی شامل تھیں کیونکہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں مینوفیکچرنگ اور دیگر مواقع تلاش کرنے کی ترغیب دینے کی کوشش کر رہی تھی۔

<p class="rteright">12 جون 2025 کو وزیر اعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے دورے پر روانہ ہوتے ہوئے (اے ایف پی)</p>
from Independent Urdu https://ift.tt/SWsDKPH