چترال کا نام آتے ہی ذہن میں جس تصویر کا نقش ابھرتا ہے، وہ برف پوش پہاڑوں، شفاف دریاؤں، مہمان نواز لوگوں، باہمی اعتماد اور بے مثال امن کی تصویر ہے۔
یہ وہ خطہ ہے جہاں صدیوں تک لوگ ایک دوسرے کے لیے اجنبی نہیں بلکہ ایک ہی خاندان کے افراد کی طرح جیتے رہے۔ یہاں ہر بزرگ پورے گاؤں کے بچوں کا سرپرست سمجھا جاتا تھا، ہر ماں ہر بچے کو اپنا بچہ تصور کرتی تھی اور ہر گھر دوسرے گھر کے لیے پناہ گاہ تھا۔
یہی وجہ ہے کہ چترال کو ہمیشہ امن، رواداری اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کی علامت کے طور پر یاد کیا جاتا رہا ہے۔
لیکن گذشتہ چند دنوں میں اپر چترال میں پیش آنے والے دو نہایت افسوس ناک واقعات نے اس خوب صورت تصور کو شدید دھچکا پہنچایا ہے۔ ان واقعات نے صرف دو خاندانوں کے دل زخمی نہیں کیے بلکہ پورے چترال کے اجتماعی ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ آج ہر والد اور ہر والدہ کے دل میں ایک ہی سوال گردش کر رہا ہے کہ کیا ہمارے بچے واقعی محفوظ ہیں؟
پہلا واقعہ ایک کم عمر لڑکے سے متعلق ہے، جو دور دراز علاقے سے تعلق رکھتا ہے۔ پولیس کے مطابق اسے دو بالغ افراد نے اپنے گھر مدعو کیا، جہاں مبینہ طور پر اسے نشہ آور چیز دی گئی۔ بعد ازاں جب اسے ہوش آیا تو اس نے خود کو ایک نہایت تکلیف دہ صورتِ حال کا شکار پایا۔ وہ کسی طرح وہاں سے نکلنے میں کامیاب ہوا، مقامی لوگوں تک پہنچا اور پھر پولیس نے اسے تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کیا، ابتدائی طبی امداد فراہم کی، اس کے بیانات قلم بند کیے اور مقدمہ درج کیا۔
ایک ملزم گرفتار ہو چکا ہے جب کہ دوسرے کی تلاش جاری ہے۔
اس موقع پر اپر چترال پولیس اس بات کی مستحق ہے کہ اس کی بروقت کارروائی کو سراہا جائے۔ متاثرہ بچے کو فوری طبی امداد فراہم کرنا، مقدمہ درج کرنا اور ملزم کی گرفتاری ایک ذمہ دارانہ اقدام ہے۔ تاہم اس کے ساتھ ساتھ یہ سوال بھی اپنی جگہ موجود ہے کہ اگر تفتیش اور طبی شواہد کسی سنگین جنسی جرم کی نشان دہی کرتے ہیں تو متعلقہ دفعات کا اطلاق قانون اور شواہد کے مطابق ہونا چاہیے۔ ایسے حساس مقدمات میں ہر قانونی قدم شفاف، غیر جانب دار اور مکمل ہونا چاہیے تاکہ انصاف ہوتا ہوا بھی نظر آئے۔
اس سے بھی زیادہ تشویش ناک پہلو وہ سماجی رویہ ہے جو ہمارے معاشرے میں ایسے مقدمات کے بعد اکثر سامنے آتا ہے۔ متاثرہ خاندان اگر معاشی یا سماجی طور پر کمزور ہو تو اس پر دباؤ ڈالنے، خاموش رہنے پر مجبور کرنے یا غیر رسمی ’صلح‘ کے لیے آمادہ کرنے کی کوششیں شروع ہو جاتی ہیں۔
اگر کسی بچے یا اس کے خاندان کو دباؤ، خوف یا سماجی مصلحت کے باعث انصاف سے محروم کر دیا جائے تو اس کا نقصان صرف ایک خاندان کو نہیں بلکہ پورے معاشرے کو ہوتا ہے۔ ایسے رویے مجرموں کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ وہ قانون سے بچ سکتے ہیں، جب کہ متاثرہ بچوں کو یہ احساس دلاتے ہیں کہ ان کی تکلیف کی کوئی قیمت نہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
دوسرا واقعہ ایک دس سالہ بچی سے متعلق ہے، جو خریداری کی غرض سے ایک غیر مقامی دکان دار کے پاس گئی۔ اطلاعات کے مطابق دکان دار نے اس کے ساتھ نامناسب برتاؤ کیا، اس کے قریب آنے اور اسے ہاتھ لگانے کی کوشش کی، جس پر بچی خوف زدہ ہو گئی اور رونے لگی۔ شور کرنے پر بچی کو ڈرایا اور دھمکایا گیا، یہاں تک کہ اس معصوم کے منہ پر ہاتھ رکھ کر آواز کے ساتھ سانس روکنے کی بھی کوشش کی گئی۔ تاہم بچی کی ہوشیاری اور بہادری کام آئی۔ شور سن کر مقامی افراد موقع پر پہنچے، پولیس کو اطلاع دی گئی اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ اس مقدمے میں بھی قانونی کارروائی جاری ہے۔
یہ دونوں واقعات ایک دوسرے سے الگ ضرور ہیں، مگر ان کا مشترکہ پیغام انتہائی خطرناک ہے۔ وہ یہ کہ اگر بچوں کی حفاظت کے لیے فوری، مؤثر اور منظم اقدامات نہ کیے گئے تو معاشرے کا سب سے کمزور طبقہ مزید خطرات سے دوچار ہو سکتا ہے۔
آج چترال کے والدین شدید اضطراب میں مبتلا ہیں۔ وہ دکان پر سودا سلف لانے کے لیے بھیجتے انہیں ہوئے گھبراتے ہیں، کھیلنے کے لیے باہر نکلنے پر فکر مند رہتے ہیں اور رشتہ داروں کے گھر جانے پر بھی دل بے چین رہتا ہے۔ آخر وہ کب تک اپنے بچوں کو گھروں میں محدود رکھیں؟ کیا خوف ہی ہماری آئندہ نسل کی تقدیر بن جائے گا؟
اس صورتِ حال کا تقاضا صرف مجرموں کی گرفتاری نہیں بلکہ ایک جامع نظام ہے، جو بچوں کو تحفظ فراہم کرے، متاثرہ بچوں کی جسمانی اور نفسیاتی بحالی یقینی بنائے، والدین کی رہنمائی کرے اور ایسے جرائم کی مؤثر تفتیش اور پیروی کو مضبوط بنائے۔
افسوس کی بات یہ ہے کہ اپر چترال میں تاحال بچوں کے تحفظ کے لیے کوئی مستقل اور فعال چائلڈ پروٹیکشن یونٹ موجود نہیں۔ جب کسی ضلع میں اس نوعیت کے واقعات سامنے آنے لگیں تو یہ صرف ایک انتظامی ضرورت نہیں رہتی بلکہ فوری عوامی تقاضا بن جاتی ہے۔ ایک فعال چائلڈ پروٹیکشن یونٹ نہ صرف متاثرہ بچوں کی مدد کر سکتا ہے بلکہ اساتذہ، والدین، مذہبی رہنماؤں، مقامی کمیونٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ بھی قائم کر سکتا ہے تاکہ ایسے جرائم کی بروقت روک تھام ممکن ہو۔
اس کے ساتھ ساتھ سکولوں میں بچوں کو ان کی عمر کے مطابق ذاتی حفاظت، محفوظ اور غیر محفوظ رویوں کی پہچان اور مدد حاصل کرنے کے طریقوں سے آگاہ کرنا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ والدین کو اپنے بچوں کے ساتھ ایسا دوستانہ تعلق قائم کرنا ہوگا کہ اگر کبھی کوئی بچہ کسی نامناسب صورتِ حال کا سامنا کرے تو وہ خوف یا شرمندگی کے بغیر اپنے گھر والوں کو سب کچھ بتا سکے۔
یہ بھی ضروری ہے کہ میڈیکل سٹورز اور فارمیسی مالکان نشہ آور یا غلط استعمال کی صلاحیت رکھنے والی ادویات کی فروخت میں مکمل احتیاط برتیں اور متعلقہ قوانین کی پابندی کریں۔ اسی طرح مقامی علماء، اساتذہ، سماجی کارکن، منتخب نمائندے اور میڈیا بھی اس حساس مسئلے پر مشترکہ کردار ادا کریں تاکہ بچوں کے تحفظ کا پیغام ہر گھر تک پہنچ سکے۔
ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ ایسے واقعات پورے چترال کی شناخت نہیں ہیں۔ چترال آج بھی محبت، شرافت، امن اور باہمی احترام کی سرزمین ہے۔ مگر کسی بھی معاشرے کی اصل آزمائش یہی ہوتی ہے کہ جب اس کے سامنے ایسے تلخ واقعات آئیں تو وہ خاموشی اختیار کرتا ہے یا اجتماعی ذمہ داری کا ثبوت دیتا ہے۔ اگر ہم نے بروقت اصلاحی اور حفاظتی اقدامات نہ کیے تو چند افراد کے جرائم پورے معاشرے کے اعتماد کو کھوکھلا کر سکتے ہیں۔
آج ضرورت اس امر کی ہے کہ انصاف ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے، متاثرہ بچوں اور ان کے خاندانوں کو مکمل قانونی، طبی اور نفسیاتی معاونت فراہم کی جائے، کسی بھی قسم کے دباؤ یا غیر قانونی سمجھوتے کی حوصلہ شکنی کی جائے اور بچوں کے تحفظ کو اپر چترال کی اولین ترجیح بنایا جائے۔
معصوم بچے کسی بھی معاشرے کا سب سے قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں۔ اگر وہ خوف میں زندگی گزارنے پر مجبور ہو جائیں تو پھر صرف ایک خاندان نہیں ہارتا، پوری قوم ہار جاتی ہے۔ ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ ہم اپنے بچوں کو خوف کی میراث دینا چاہتے ہیں یا ایک ایسا چترال، جہاں ہر بچہ بلاخوف اسکول جا سکے، کھیل سکے، بازار جا سکے اور اپنے مستقبل کے خواب آزادی اور اطمینان کے ساتھ دیکھ سکے۔
یہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری نہیں، بلکہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اگر آج ہم نے اپنے بچوں کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اور متحد ہو کر قدم نہ اٹھایا تو کل شاید ہماری خاموشی ہی سب سے بڑا جرم شمار ہوگی۔

<p>چترال کے ایک گاؤں میں 29 اکتوبر 2015 کو زلزلے کے بعد چند بچے منہدم مکانات کی طرف دیکھ رہے ہیں (فائل فوٹو/ اے ایف پی)</p>
from Independent Urdu https://ift.tt/ktqJhsU