اسلام آباد پولیس نے منگل کو بتایا کہ لائبہ اعجاز کے ساتھ مبینہ فراڈ کے مقدمے میں گرفتار مرکزی ملزم محمد نعمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق ملزم کو برآمدگی کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ راستے میں دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان نے اسے چھڑوانے کے لیے پولیس ٹیم پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں محمد نعمان زخمی ہوا اور بعد ازاں ہسپتال میں دم توڑ گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق فائرنگ کے دوران پولیس اہلکار بلٹ پروف جیکٹس اور حفاظتی اقدامات کے باعث محفوظ رہے، جبکہ واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
انڈپینڈنٹ اردو نے جب لائبہ اعجاز کے والد محمد اعجاز سے رابطہ کیا تو انہیں ملزم نعمان کی موت کے واقعے کا علم نہیں تھا تاہم انہوں نے بتایا کہ آج ان کی آئی جی اسلام آباد پولیس سے ملاقات ہوئی تھی، جس میں آئی جی نے یقین دہانی کرائی کہ وہ آئندہ ایک سے دو روز میں ان کی رہائش گاہ پر آئیں گے اور اب تک ہونے والی تمام برآمدگیاں ان کے حوالے کی جائیں گی۔
اس سے پہلے لائبہ اعجاز کیس کی تحقیقات کے دوران مرکزی ملزم محمد نعمان اور اس کے بھائی وقاص سے متعلق مزید انکشافات بھی سامنے آئے تھے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
نعمان کا بھائی وقاص بھی مبینہ فراڈ کے ایک مقدمے میں مانسہرہ جیل میں قید ہے۔
تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ نعمان اور اس کا بھائی مبینہ طور پر اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر شہریوں کو فراڈ کا نشانہ بناتے رہے۔
نعمان خود کو مانسہرہ میں ایک حساس ادارے کا اسسٹنٹ ڈائریکٹر ظاہر کرتا تھا، جبکہ تفتیش کے دوران حساس ادارے کے اپائنٹمنٹ لیٹرز بھی سامنے آئے ہیں۔
لائبہ اعجاز کی خودکشی کے معاملے میں ان کے اہلِ خانہ نے امریکہ کی ایک یونیورسٹی میں داخلے کے نام پر مبینہ فراڈ کا الزام عائد کیا تھا۔ اہل خانہ کے مطابق داخلے کے لیے رقم وصول کی گئی تھی، تاہم وعدے کے مطابق داخلہ نہ ہونے اور معاملہ سامنے آنے کے بعد کیس نے سنگین صورت اختیار کر لی۔
پولیس نے اس مقدمے میں محمد نعمان کو گرفتار کیا تھا۔ اب ملزم کی موت کے بعد اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری اور معاملے سے متعلق مزید حقائق سامنے لانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

<p>لائبہ گولڈ میڈلسٹ تھی وہ ایک اچھی زندگی پر مکمل حق رکھتی تھی لیکن جعل ساز اس کی زندگی سے کھیل گئے (سوشل میڈیا)</p>
from Independent Urdu https://ift.tt/Vv7jaXw