|
امریکی تجویز کا جائزہ لیا جا رہا ہے: ایرانی وزارت خارجہ ایران نے معاہدہ نہ کیا تو پہلے سے زیادہ سخت بمباری کریں گے: ٹرمپ امید ہے آبنائے ہرمز سے متعلق فریقین عالمی برادری کی اپیلوں کو جلد سنیں گے: چین لائیو اپ ڈیٹس |
جنگ بندی برقرار، ایران سے مذاکرات جاری: ڈونلڈ ٹرمپ
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جنگ بندی برقرار ہے اور ایران کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جمعرات کو واشنگٹن میں صحافیوں کے ساتھ بات چیت کے دوران جب یہ پوچھا گیا کہ کیا ایران کے ساتھ جنگ بندی اب بھی برقرار ہے؟ تو ٹرمپ نے کہا: ’ہاں وہ برقرار ہے۔ آج انھوں نے ہمارے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی۔ ہم نے انھیں اڑا کر رکھ دیا۔ انھوں نے چھیڑ چھاڑ کی تھی۔ میں اسے ایک معمولی بات کہتا ہوں۔‘
امریکی صدر کا اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر پوسٹ میں کہنا تھا کہ گولہ باری کے باوجود، تین عالمی معیار کے امریکی ڈسٹرائرز انتہائی کامیابی کے ساتھ آبنائے ہرمز سے ابھی باہر نکلے ہیں۔ ان تینوں ڈسٹرائرز کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، لیکن ایرانی حملہ آوروں کو بھاری نقصان پہنچا۔
انہوں نے کہا کہ ’وہ بہت سی چھوٹی کشتیوں سمیت مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ ان کشتیوں کو ایران کی مکمل طور پر مفلوج بحریہ کی جگہ استعمال کیا جا رہا ہے۔‘
ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق امریکی فوج نے کہا کہ اس نے جمعرات کو آبنائے ہرمز میں بحریہ کے تین جہازوں پر ایرانی حملوں کو ناکام بنایا اور ’امریکی افواج پر حملے کی ذمہ دار ایرانی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔‘ جس سے دونوں ممالک کے درمیان ایک ماہ پرانی جنگ بندی کی نزاکت عیاں ہوتی ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ امریکی افواج نے ’بلااشتعال ایرانی حملوں‘ کو روکا اور اپنے دفاع میں جوابی کارروائی کی۔
امریکی فوج نے کہا کہ کوئی جہاز نشانہ نہیں بنا۔ اس نے مزید کہا کہ وہ کشیدگی بڑھانا نہیں چاہتی لیکن ’امریکی افواج کے تحفظ کے لیے اپنی پوزیشن پر برقرار اور تیار ہے۔‘
اس دوران ایران کے سرکاری میڈیا نے بتایا کہ ملک کی مسلح افواج نے آبنائے میں واقع جزیرہ قشم پر ’دشمن‘ کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ کیا۔ خلیج فارس میں واقع یہ ایران کا سب سے بڑا جزیرہ ہے، جہاں تقریباً ایک لاکھ 50 ہزار افراد آباد ہیں۔ یہاں سمندری پانی کو میٹھا بنانے کا پلانٹ بھی موجود ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا نے مغربی تہران میں بھی زور دار آوازیں سنائی دینے اور دفاعی فائرنگ کی اطلاع دی۔ ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسیوں فارس اور تسنیم کے مطابق، جنوبی ایران میں بندر عباس کے قریب دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ رپورٹس میں ان دھماکوں کی وجہ کی نشاندہی نہیں کی گئی۔

<p class="rteright">امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پانچ نومبر 2025 کو میامی کے کیسیا سینٹر میں امریکن بزنس فورم سے خطاب کر رہے ہیں (چندن کھنہ / اے ایف پی)</p>
from Independent Urdu https://ift.tt/pB0q6an